اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان قائد اعظم کے وژن کی عملی تصویر بن رہا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردو س عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان سب پاکستانیوں کا یکساں وطن ہے۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان قائد اعظم کے وڑن کی عملی تصویر بن رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں۔ملک کی تمام اقلیتیں پاکستان سے والہانہ محبت کرتی ہیں،ان کے حقوق محفوظ ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے۔اسلام تمام مذاہب کے احترام کو لازم قرار دیتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ قومی پرچم کا سفید رنگ ان کی نمائندگی کا مظہر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال اور پاکستان کے امن کا پیامبر ہونے کی دلیل ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سیکولرازم کے نام پر بننے والا بھارت آج تعصب اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھارت میں اقلیتیں سراپا احتجاج ہیں،این آر سی اور بھارتی شہریت کے متعصبانہ امتیازی اور نفرت پر مبنی اقدامات سے اقلیتوں کو ان کی شہریت کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ بھارتی معاشرے پر ہندتوا کا غلبہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ گاندھی اور نہرو کا ہندوستان مٹتا دکھائی دیتا ہے اور ”ہندتوا ستان“میں اقلیتوں کو بدترین تشدد، جبراور ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔