اسلام آباد(عکس آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس بجٹ کے خلاف بولنے کیلئے کچھ نہیں کیونکہ عمران خان کی سیاسی و معاشی حکمت عملی نے انہیں کلین بولڈ کر دیا ہے۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن رہنما حکومت کی معاشی پالیسی پر کس منہ سے تنقید کریں گے جبکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی اپنی جماعت کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کمپنی نے ریکارڈ منافع کمایا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے جبکہ پی ڈی ایم کی کھٹارا بس زوال کی اس کچی سڑک پر اتر گئی ہے جس کے آگے ڈیڈ اینڈ لکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کر کے اپوزیشن کی گاڑی کیلئے سیاسی ڈیزل کا بحران پیدا کر دیا ہے۔