اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عدالتی سزایافتہ کو معصوم ثابت کرنے کےلئے عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہو رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کررہی ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت کے تمام اکاﺅنٹس، کاروبار اور علاج بیرون ملک میں ہے،انہوںنے کہاکہ لیگی رہنما چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں۔ سپریم کورٹ پر آپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی رہنما آج نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ احسن صاحب آپ جس مشن ٹوئنٹی ٹوئینٹی پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان 2018 میں پانچ سالہ سیریز جیت چکے ہیں۔