گوجرانوالہ(نمائندہ عکس ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں وزیر آباد کے مقام پر سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کا مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ملزم نوید کو سخت سکیورٹی حصار میں پیش کیا گیا، ملزم کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سلطان صلاح الدین ریاست کی جانب سے پیش ہوئے، اس دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سماعت کے دوران انسداد خصوصی عدالت سے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کی مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ دوسری طرف ملزم نوید مہر کے خلاف وزیر آباد کے تھانہ سٹی میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ملزم کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا، یہ مقدمہ پہلے مقدمے کے 22 روز بعد درج کیا گیا۔ جسکے بعد نوید مہر کیخلاف مقدمات کی تعداد دو ہو گئی ۔ ایک ہی تھانہ میں الگ الگ مقدمے درج ہو چکے ہیں۔