اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ عمران خان نے پارٹی کے اندر آواز اٹھنے کے بعد بھی 9 مئی کے واقعات کی واضح الفاظ میں مذمت نہیں کی، وہ میڈیا سے نا پوچھے کہ 9 مئی کی ”کون مذمت نہیں کر رہا؟”،سب جانتے ہیں کون مذمت کر رہا ہے کون اسے کامیابی سمجھتا ہے،پی ٹی آئی اور اداروں کے پیچ اگر کوئی سازش کر رہا ہے تو وہ عمران خان خود ہیں، ان کی انتشار کی سیاست ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ پورے ملک میں ایک ہی شخص ہے جو 9 مئی کے حملوں کی مذمت نہیں کرتا۔ انہوںنے کہاکہ اب کہتے ہیں پاک فوج کو تحریک انصاف کے خلاف کھڑا کرنے کی ”سازش”ملک کے ”ٹکڑے”کرسکتی ہے۔
شیری رحمان نے کہاکہ ان کو 9 مئی کے واقعات پر کوئی شرمندگی اور احساس ہوتا تو ملک کے ٹکڑے ہونے کی باتیں نا کرتے۔ انہوںنے کہاکہ پر تشدد سیاست، دہمکی آمیز لہجے، بیانات اور الزامات کا ذمہ دار کوئی اور نہیں وہ خود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی اور اداروں کے پیچ اگر کوئی سازش کر رہا ہے تو وہ عمران خان خود ہیں، ان کی انتشار کی سیاست ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ملک میں تقسیم اور نفرت کی جو بنیاد رکھی ہے اس کے ملک پر دور رس اثرات مرتب ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وہ ابھی بھی ملک و قوم سے معافی مانگنی کے بجائے 9 مئی واقعات کا دفاع کر رہے ہیں۔