لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں کی طرح پانچ سال مکمل کرنے کیلئے ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر عمل پیر انہیں ہوئے بلکہ انہوں نے دہائیوں کے بیگاڑ کو درست کرنے اور ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کیلئے اصلاحا ت جیسے مشکل ہدف کا چنائو کیا ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ملک کو حقیقی معنوں میں پائیدار ترقی دینے کیلئے بنیا د رکھ دی ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے ۔
اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ماضی میںیہ وطیرہ رہا ہے کہ عوام کی نظروں میں دھول جھونکنے کیلئے معیشت پر کاسمیٹکس کا لیپ کر دیا جائے جس کا خمیاز ہ لا محالہ ملک اور عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔
تحریک انصاف کی حکومت کیلئے بھی سب سے بڑا چیلنج یہ تھاکہ ماضی میں روپے کو مصنوعی طریقے سے اوور ویلیو رکھا گیا اور جب یہ اپنی اصل سطح پرآیا تو ہماری معیشت پر غیر معمولی بوجھ پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اصلاحات کے بل بوتے پر جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ، جب ملکوں کی سمت کو درست کرنے کے لئے اصلاحات جیسے مشکل ہدف کیلئے پیشرفت کی جائے تو اس کے نتائج آنے میں کچھ وقت لگتا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ان شا اللہ حکومت کی اصلاحات پر مبنی پالیسیوں کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی رجحان ہے جس کے اثرات ہر ملک پر پڑے ہیں ، روس اور یوکرین کی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں اوریقینا اس سے درآمدی بل پر بھی اثرات پڑیں گے۔