اسلام آباد(نمائندہ عکس)و زیر اعظم عمران خان طویل کاوشوں کے بعد پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کانفرنس کے کامیاب انعقادکے بعد مسلم امہ کے ممتاز اور سرکردہ رہنما کے طور پر نمایاں حیثیت اختیار کر گئے ‘ پاکستان میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کانفرنس پر امریکہ اور یورپی ممالک کے سفارتکاراسلام آباد میں متحرک رہے ‘ دنیا بھر کے تمام ٹی وی چینلز پر او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کو خصوصی کوریج دی گئی،عمران خان نے اپنے خطاب سے مسلم امہ کے دل جیت لئے ، تفصیلات کے مطابق 22 مارچ کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا 48اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مسلمان ممالک کے ساتھ ساتھ چین جیسی بڑی ایٹمی و معاشی طاقت کی شرکت نے چار چاند لگا دئیے۔
کانفرنس میں دور حاضر میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور درپیش مشکلات کے حل کیلئے ممتاز مسلم شخصیات نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ روس یوکرین جنگ اور ایران جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے کانفرنس کو خصوصی اہمیت حاصل رہی اور دنیا بھر کے ٹی وی چینلز اور اخبارات میں خصوصی کوریج دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اجلاس میں اسلامو فوبیا ‘ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور فلسطین میں صہیونی افواج کی جانب سے قبلہ اول کی بے حرمتی اور فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑنے کے حوالے سے خطاب کو عالم اسلام میں خصوصی طور پر سراہا گیا اور عمران خان نے مسلم ممالک کے سرکردہ رہنماﺅں میں اپنا قد و کاٹھ مزید بڑھا لیا ہے۔