اسلام آ باد (کورٹ رپورٹر ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اوراسدعمرکی الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف دائر درخواستوں پرسماعت ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان اور اسد عمر کی الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ جسٹس عامر فاروق نے ڈی جی لا الیکشن کمیشن محمد ارشد سے استفسارکیا کہ آپ کی مصروفیت والے دن آگئے ہیں؟ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن آج کل حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات میں مصروف ہے۔
جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ سماعت کب تک ملتوی کرنا چاہتے ہیں؟ جس پرڈی جی لا الیکشن کمیشن محمد ارشد نے جواب دیا کہ جولائی کی کوئی بھی تاریخ رکھ لیں۔ جسٹس عامرفاروق نے جواب دیا کہ دس جولائی کوعید ہے اس دن کو کیوں نہ رکھیں؟ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ عید کے بعد کوئی تاریخ رکھ لیں۔ عمران خان اوراسد عمرکے وکیل بیرسٹرعلی ظفراوراٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث عدالت نے کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔