اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر ماحولیاتی و تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کے کارکن امریکی غلامی کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں اور وہ امریکا کے پاوں پکڑ رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اپریل میں عمران خان نام نہاد بیرونی سازش کا بیانیہ بنا کر سیاست کر رہے تھے، اب یوٹرن لے کر امریکی قانون سازوں کی منت سماجت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خبر کے مطابق عمران خان نے ایک ماہ کے اندر 4 امریکی کانگریس مین سے حمایت کی درخواست کی، انہوں نے موجودہ امریکی انتظامیہ پر الزامات لگا کر ملکی سفارتی تعلقات اور مفادات کو داو پر لگایا، امریکی غلامی اور امریکی سازش کے نعرے لگائے، لوگوں کو امریکا کے خلاف ورغلایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب اپنے تعلقات ٹھیک کرنے اور حکومت میں آنے کیلئے اسی امریکی انتظامیہ کی حمایت مانگ رہے ہیں، لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کر کے بائیڈن انتظامیہ کو قائل کر رہے ہیں کہ عمران خان اور تحریک انصاف امریکا مخالف نہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، انتخابات پر امریکا سے مداخلت کا مطالبہ کرنا قابل مذمت ہے۔