پی ٹی آئی

علی بلال کیس،پی ٹی آئی رہنماﺅں کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور (عکس آن لائن)لاہور کی سیشن عدالت نے پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف (ظل شاہ)کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں فواد چودھری، فرخ حبیب، یاسمین راشد اور محمود الرشید کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی،ایڈیشنل سیشن جج لاہور محسن بلال بیگ نے پی ٹی آئی رہنماﺅں کی عبوری درخواست پر سماعت کی،

ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید عدالت پیش ہوئے جبکہ فواد چودھری اور فرخ حبیب کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی،دوران سماعت ایڈووکیٹ مدثر عمر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس آفیسر پیش نہیں ہوئے، ابھی تک پولیس کی جانب سے تحقیقات مکمل نہیں کی گئیں،عدالت نے فواد چودھری اور فرخ حبیب کی حاضری معافی درخواست منظور کر لی،

بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماﺅں فواد چودھری، فرخ حبیب، یاسمین راشد اور محمود الرشید کی عبوری ضمانت میں 13اپریل تک توسیع کے احکامات جاری کر دیئے،دوسری جانب ظل شاہ کو ہسپتال لانے والے ویگو ڈالے کے مالک شکیل زمان نے بھی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی، عدالت نے 30ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 13اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں