علیم ڈار

علیم ڈار نے سٹیوبکنر کا زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کا ریکارڈ توڑ دیا

پرتھ (عکس آن لائن) پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، انہوں نے ویسٹ انڈیز کے نامور امپائر سٹیوبکنر کا زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کا ریکارڈ توڑ دیا اور زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی زمہ داری نبھانے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔

علیم ڈار نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعرات کو پرتھ کے مقام پر شروع ہونے والے تین میچز کی سیریز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں امپائرنگ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔ یہ ان کا بطور امپائر کیریئر کا 129 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ ان سے قبل زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے سٹیو بکنر کے پاس تھا۔ انہوں نے بطور امپائر اپنے کیریئر میں 128 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی۔ پاکستان کے علیم ڈار نے پہلی بار 2003ء میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان ڈھاکا کے مقام پر کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں زمہ داری انجام دی تھی۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بطور امپائر 2000ء میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں آغاز کیا اور اب تک وہ 207 ون ڈے میچز میں زمہ داری انجام دے چکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں زیادہ میچوں میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز روڈی کوئڑزن کے پاس ہے، وہ 209 ون ڈے میچز سپر وائز کراچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں