اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایم اے/ایم ایس سی، بی ایس ، بی اے، بی بی اے، ایسوسی ایٹ ڈگری اور ٹیچر ایجوکیشن پروگرامز کے داخلوں کی تاریخ میں 50 فیصد اضافی لیٹ فیس چارجز کے ساتھ 15۔نومبر2019ء تک توسیع کردی ہے۔ڈائریکٹر شعبہ داخلہ کے مطابق داخلوں کی تاریخ میں توسیع کا مقصد داخلوں کے خواہشمند افراد کو ایک اور موقع فراہم کرنا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اس مقصد سے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دی ہے کہ علم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا ایک اور موقع مل سکے۔یونیورسٹی نے الائیڈ بینک، مسلم کمرشل بینک اور فرسٹ ویمن بینک کے تمام برانچوں کو داخلہ فارم اور فیس وصول کرنے کی نئی تاریخ سے آگاہ کردیا ہے۔ اِن پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی کیمپسسز،رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔داخلہ فارم آن لائن پُر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔آن لائن داخلہ فارم پُر کرنے کا طریقہ کار تمام تعلیمی پروگرامز کے پراسپکٹس میں موجود ہے۔