اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم ولادت پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ان کی سوچ مسلمانان برصغیر کو جابرانہ تسلط اور سامراجیت سے نجات کی روشن امید ثابت ہوئی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ان کا آفاقی کلام اور تصورات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان حقیقی معنوں میں وہ ریاست بنانے کا عزم رکھتے ہیں جس کا تصور علامہ نے دیا تھا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات وافکار کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق کی ضامن اور احترام کرنے والی ریاست ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ دربار کرتارپور اور راہداری کا اپنی تعمیر نو کے ساتھ افتتاح بین المذاہب ہم آہنگی ، رواداری اور احترام انسانیت کی عظیم مثال ہے۔