قاہرہ(عکس آن لائن)عرب لیگ نے سوڈان میں جاری خونریزجھڑپوں کے بعد جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد اور مخاصمت پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔میڈیرپورٹس کے مطابق عرب لیگ نے سوڈان میں متحارب فورسز کے درمیان جھڑپوں سے پیداہونے والی صورت حال پر غورکے لیے قاہرہ میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے۔اس اجلاس کے بعد جاری کردہ حتمی بیان میں،عرب لیگ نے فریقین سے پرامن مذاکرات کی طرف واپسی اورایک نیا مرحلہ شروع کرنے کی ضرورت پرزور دیا ہے.
جو برادر سوڈانی عوام کے عزائم کو پورا کرے اور اس اہم ملک میں سیاسی اور معاشی سلامتی اور استحکام کومضبوط بنانے میں کردار ادا کرے۔عرب لیگ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ صورت حال پرنظررکھے گی اور اس سلسلے میں ضروری مطالبات کرے گی۔عرب لیگ میں سوڈان کے نمائندے الصادق عمرعبداللہ نے ٹیلی ویژن پرنشری تقریر میں صورت حال کو پرامن بنانے میں مدد کے لیے عرب لیگ کی جانب سے حمایت کی اپیل کی اور اس بات پرزوردیا کہ مقامی معاملات میں بیرونی مداخلت سے گریز کیا جاناچاہیے۔
انھوں نے کہاکہ سوڈانی حکومت نے سریع الحرکت فورسز کوباغی فورس قرار دیا ہے جس کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایف کو فوج میں ضم کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔