بغداد(عکس آن لائن)عراق کے نئے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ایک شفاف حکومت ہے اور یہ کوئی تاریک کمرہ نہیں ہے۔ خطرناک نوعیت کے جرائم میں ملوث مظاہرین کے سوا باقی تمام مظاہرین کو رہا کرنے کے احکامات صادر کیے گئے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے
انہوں نے عبدالوھاب السعدی کو انسداد دہشت گردی شعبے کے سربراہ کے عہدے پر بحال کرنے کا بھی اعلان کیا۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں نومنتخب عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عراقی شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کے سوا باقی تمام مظاہرین کو رہا کرنے کے احکامات دیے گئے ۔ مظاہروں کے دوران غفلت برتنے والے افراد کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ افراد کو ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔ مصطفیٰ الکاظمی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت شفاف انتخابات کے لیے اقدامات کریگی۔کابینہ کے پہلے اجلاس سے قبل عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت عراقی عوام کی خدمت کرے گی اور عوام کو ہرممکن فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ماحول کو پرامن اور ساز گار بنانے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آزاد الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے تاکہ وہ ملک میں شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات کا انعقاد کراسکے. انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات تک پہنچنے کے لیے حکومت کا حقیقی شراکت دار ہے۔بعد ازاں عراقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں ملک کی موجودی اقتصادی صورت حال، کرونا کی وجہ سے درپیش صحت کے بحران اور دیگرمسائل پرغور کیا گیا۔