واشنگٹن (نمائندہ عکس)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان مں عدم اعتماد کی تحریک میں کردار سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد میں امریکہ کے ملوث ہونے کے الزامات میں صداقت نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے بارے میں دھمکی آمیزخط میں صداقت نہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹرکررہے ہیں، پاکستان کے آئینی عمل کی تکریم کرتے ہیں، پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو سپورٹ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے خط لہرایا تھا اور کہا تھاکہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے۔وزیراعظم کے دعوے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے خط سامنے لانے اور ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔