اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے ق لیگ کاتعلق نہیں،حکومتی اتحادیوں کے بغیر بھی نمبر پورے ہیں،عدم اعتماد پر جن لوگوں کا ہمارے ساتھ رابطہ ہے وہ پراعتماد ہیں،ایمپائر کو غیر جانبدار رہنا چاہیے،میری رائے میں عمران خان کے جانے کے بعدحکومت بننی ہی نہیں چاہیے۔
جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدم اعتماد ق لیگ، ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادیوں کے بغیر بھی ہوجائے گی،ق لیگ کے اپنے فیصلے ہیں ،عدم اعتماد سے ان کا تعلق نہیں،عدم اعتماد پر ہمارے نمبر اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد پر آج پیپلزپارٹی سمیت سب جماعتیں متحد ہیں۔عدم اعتماد پر جن لوگوں کا ہمارے ساتھ رابطہ ہے وہ پراعتماد ہیں۔
ایمپائر کو غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 48 گھنٹے میں تحریک عدم اعتماد لانے کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 48گھنٹے میں ریکوزیشن چلی جائے گی۔ریکوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کے لیے اجلاس سے متعلق جمع کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے جانے کے بعد حکومت بنانے سے متعلق محمد زبیر کی بات کاان کوہی بہتر علم ہوگا۔میری رائے میں عمران خان کے جانے کے بعدحکومت بننی ہی نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہاہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ،جن کو مشکل وقت سے نمٹنے کا تجربہ ہے ان کو آنے دیں ۔جلد بازی میں ریلیف پیکج کا آخر کار عوام کو ہی نتیجہ بھگتنا پڑتا ہے۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر بوجھ پڑ گیا ،کل ان لوگوں نے عوام میں بھی جانا ہے ۔