کراچی (عکس آن لائن)میزبان و اداکار ساحر لودھی نے کہا ہے کہ مرحوم عامر لیاقت حسین پر فخر ہے، روزانہ ان کی قبر پر جاتاہوں،کوئی جتنا مرضی برا یا غلط کہے،کبھی تنقید پر توجہ نہیں دی، بیٹی کو گالی دینے پر سوشل میڈیا سے نفرت ہوگئی ہے۔۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ساحر لودھی نے کہا کہ میں نے کبھی تنقید پر توجہ نہیں دی، اسی طرح شائستہ بھی ٹرولنگ کو نظر انداز کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی مجھے جتنا مرضی برا یا غلط کہے، مجھ پر تنقید کرے، مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن ایک بار میری 2سال کی بیٹی کو ناقدین نے گالی دی تھی جو مجھ سے برادشت نہیں ہوئی اور اس دن سے مجھے سوشل میڈیا سے نفرت ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت کے انتقال سے 15دن پہلے ان سے ملاقات ہوئی تھی اور جب ان کا انتقال ہوا تو یقین نہیں آیا اور لگا جیسے میں نے اپنا بھائی کھو دیا ہے۔ساحر لودھی نے کہا کہ عامر لیاقت اچھے دوست تھے، میں ان کے بارے میں وہ باتیں بھی جانتا ہوں جو کوئی دوسرا نہیں جانتا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی زندگی میں دو لوگوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے، ایک امجد صابری اور دوسرے عامر لیاقت حسین، دونوں سچے انسان تھے اور میرے بہترین دوست تھے۔ساحر لودھی نے عامر لیاقت پر ہونے والی تنقید سے متعلق کہا کہ ہم انسان ہیں اور ہر انسان سے ہی کہیں نہ کہیں غلطی ہوتی ہے.
لیکن جب کسی سے کوئی غلط کام ہوجاتا ہے تو ہم خود کو نیک سمجھنے لگ جاتے ہیں اور پھر دوسروں کی غلطیوں پر انہیں پرکھنا شروع کردیتے ہیں، ایسا ہی عامر لیاقت کے ساتھ لوگوں نے کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے عامر لیاقت کیخلاف باتیں کیں جو بہت غلط ہے، ہمیں کسی کے خلاف باتیں نہیں کرنی چاہیے کیونکہ غلطیاں ہم سب ہی کرتے ہیں۔