لاہور(عکس آن لائن )تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے اس لیے ملک میں پٹرولیم مصنوعات میں 5روپے فی لیٹر کمی انتہائی ناکافی ہیں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 26فیصد کمی کار یلیف پٹرولیم مصنوعات میں26فیصد کمی کرکے عوام کو دیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کو جواز بنا کر بجلی کی فی یونٹوں میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے اب جبکہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی ہورہی ہے اس لیے بجلی کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے کمی کی جائے تاکہ صنعتی شعبہ اور عوام کو ریلیف مل سکے کیونکہ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سے ملک میں قیمتوں میں اضافہ ،ہوشربا مہنگائی کا دور دورہ ہے جس سے صنعتی شعبہ اور عوام متاثر ہورہے ہیں ۔
راجہ عدیل نے حکومتی حلقوں کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات میں کمی سے ریلیف دینے کی بجائے حکومتی ریونیو میں اضافہ کو عوام پر بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا ہے ڈیڑھ سال میں عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی بجائے 17فیصد تک اضافہ کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی فی الفور ختم اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو اس کاحقیقی ریلیف دیا جائے۔