اسلام آباد(عکس آن لائن ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر بھارتی مظالم روکنے کے لیے آگے آئے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر موثر انداز میںاٹھایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے مسئلہ کشمیر موثر انداز میں بین الاقوامی سطح پر اٹھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی امن کوششیں سبوتاز کرنے کے علاوہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اس بنیادی مسئلے کی وجہ سے دنیا کو بین الاقوامی اور علاقائی خطرات سے آگاہ کیا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پوری وادی کشمیر میں خون بہہ رہا ہے کیونکہ بھارتی فوج انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں مصروف اور بے گناہ کشمیریوں کو قتل کر رہی ہے اس کے علاوہ خواتین پر تشدد کیا جارہا ہے۔انہوں نے گزشتہ دو ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کو کشمیریوں کی اجتماعی نسل کشی قرار دیا۔وزیر امور کشمیر نے بین الاقوامی میڈیا پر زور دیا کہ وہ تنازعے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے اس طویل مسئلے کو اجاگر کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے مہم شروع کی ہے،انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر بھارت نے آزاد کشمیر پر براہ راست حملہ کیا تو اسے ہماری بہادر افواج کی جانب سے منہ توڑ جواب ملے گا۔