لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مایوسی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے جس کی وجہ سے ان کی سیاست حالت نزاع میں جا چکی ہے ،ضمنی اورسینیٹ انتخابات کے نتائج پی ڈی ایم کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے ،کرپشن کا کاروبار بند ہونے سے اپوزیشن بے چین ہے ،اب کسی کو سینیٹ انتخابات میں کرپشن کی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
اپنے ایک بیان مین انہوںنے کہا کہ وز یر اعظم عمران خان کا یہ موقف درست ثابت ہوا ہے کہ جب بھی احتساب ہوگا تو کرپشن کرنے اور اس میں سے حصہ وصول کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے ،یہ عوام کو روزگار دلانے کیلئے نہیں بلکہ اپنی بیروزگاری کا دورانیہ طویل ہونے پر باہر نکلے ہیں ،بتایا جائے گیارہ جماعتوں نے اپنی تحریک میںسوائے کرپشن پر واویلا کرنے کے ملک اور قوم کیلئے کیا روڈ میپ دیا ہے ۔
انہوںنے کہا کہ جو کئی دہائیوں سے اقتدار میں رہے انہوں نے ہر طرح کی ناکامی کا ملبہ ڈھائی سال سے حکومت میں آنے والی جماعت پر ڈال دیا ہے ، کیا عوام اتنے ہی بیوقوف ہیں کہ آپ فرار ہونے کے بعد بیرون ملک بیٹھ کر ویڈیو لنک پر بیٹھ کر آنکھوں میں دھول جھونکتے رہیں گے اور عوام آپ کی باتوں پر یقین کر لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا قومی سلامتی کے ادارے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنا تشویش کا باعث ہے ، سیاست اپنی جگہ لیکن اس طرح کی کاوشیں ہرگز ملک و قوم کی خدمت نہیں ۔