لاہور(عکس آن لائن) لالی ووڈ سٹار شان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں میرا اوراہلیہ کے حلقے کے تبدیل کر دئیے گئے اور جب ووٹ کاسٹ کرنے گئے تو ہمیں تاخیر حربوں کاسامنا کرنا پڑا۔ شان ضمنی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کئے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ووٹ کاسٹ کرنے گئے تو کہا گیا میری اہلیہ کا ووٹ حلقے میں ہے ہی نہیں جب میں اہلیہ کو لے کر ووٹ کاسٹ کرنے دوسرے حلقے میں پہنچا تو دس منٹ باقی تھے پھر بھی ہمیں باہر روک دیا گیا۔
شان شاہد کے مطابق پولیس والوں سے ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اندر جانے کی درخواست کی تو جواب ملا اوپر سے آرڈر ہے پھر میں بدمزگی سے بچنے کے لیے ووٹ کاسٹ کیے بغیر واپس چلا آیا۔انہوںنے کہا کہ آئین مجھے ووٹ کا حق دیتا ہے کہ میں اپنی رائے کا اظہار کروں اور یہ میرا حق ہے کہ اس کا انتخاب کروں جوملک کوترقی دے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے جس جگہ پر ملک کوہونا چاہیے تھا وہاں نہیں ہے۔