وزیر اعلیٰ پنجاب

صوبے میں آٹے کی قیمت کسی کو بڑھانے نہیں دیں گے ،صورتحال کنٹرول میں ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(عکس آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداربلوچستان سے واپسی پر اچانک بہاولپور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بننے والے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر میں زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر علاج بچوں کے لواحقین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ سینٹر میں زیرعلاج ایک طالبہ آمنہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سر! میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ بیٹی آمنہ کی مزید تعلیم کیلئے فوری اقدامات کریں اور آمنہ کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت اٹھائے گی اور اسے اچھے تعلیمی ادارے میں داخل کرایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹر کی عمارت کے مختلف حصے دیکھے اور منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاولپور کیلئے 90 کروڑ روپے کے فنڈز فی الفور فراہم کئے جائیں گے اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو جلد آپریشنل کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت بون میرو ٹرانسپلانٹ کے منصوبے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرے گی اور یہ منصوبہ ہر صورت اگلے مالی سال میں فنکشنل ہو جائے گا۔ منصوبے کیلئے ضروری مشینری اور آلات خریدے جائیں گے۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ اس منصوبے کی تکمیلسے جنوبی پنجاب سمیت دیگر علاقو ں کے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی کیونکہ جنوبی پنجاب میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت موجود نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاولپور کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا دورہ کرکے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کی ہے اور انشاء اللہ ہماری حکومت اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کرے گی اور تھیلیسیمیا اور بون میرو کے مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کو نواب صادق محمد خان عباسی کے نام منسوب کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سول ہسپتال بہاولپورکو نواب صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز مناسب ہے اور ہم سول ہسپتال بہاولپور کا نام نواب صادق محمد خان عباسی سے منسوب کرنے کا جائزہ لیں گے کیونکہ نواب صادق محمدخان عباسی کی بہاولپور کیلئے بہت خدمات ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے صحافیوں کیلئے جرنلسٹ کالونی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جلد اقدامات کئے جائیں گے اور صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بہاولپور شہر کا بھی دورہ کیا اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوارہ چوک میں آٹے کے سیل پوائنٹ کا بھی اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹرسٹ پارک کی صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور کمشنر بہاولپور ڈویژن کو ہدایت کی کہ پارک کی صفائی کو بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سیل پوائنٹ پر شہریوں کو آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں۔ پنجاب میں آٹا وافر دستیاب ہے اور 20کلو آٹے کا تھیلہ 805روپے میں عوام کو فراہم کیا جارہا ہے ۔میں خود آٹے کی دستیابی کیلئے فیلڈ میں جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لے رہا ہوں ۔پنجاب بھر میں آٹے کے سیل پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور آٹا سیل پوائنٹس عوام کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے ہیں۔ محکمہ خوراک اورانتظامیہ کی کاوشوں سے صورتحال معمول پر ہے۔ کسی کو آٹے کی قیمت بڑھانے نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ کو تھیلیسمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاولپور کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس پراجیکٹ پر اب تک تقریباً 23 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔بعد ازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان شہر کا دورہ کیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے انتظامات اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے عمائدین اور شہریوں نے ملاقات کی-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار خود لوگوں کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کیا-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر ہدایات جاری کیں- وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سرائیکی اوربلوچی زبان میں گفتگوکی او رشہریوں سے حال احوال دریافت کیا- وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی کارکن حفیظ خان بزدار کے انتقال پران کے بھائی ممتاز بزدار اور ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے-وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کررہے ہیں-پنجاب حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں اوراتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں- انہوں نے کہاکہ پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ – پنجاب میں آٹے کاکوئی بحران نہیں-

عوام کی سہولت کے لئے شہروں اورتحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھائی گئی ہے-انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 35 فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں-جنوبی پنجاب کے فنڈ ز کسی اور علاقے پر خرچ نہیں ہوسکیں گے- علاقے کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کررہے ہیں- وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو مقامی صحافی مظہر لاشاری نے اپنی تصنیف پیش کی-

اپنا تبصرہ بھیجیں