پشاور(نمائندہ عکس ) معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جنگلات واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت محکمے کی سفارشات کے مطابق اقدامات اٹھائے گی۔ بیرسٹر سیف کی جانب سے صوبے کے مختلف جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے متعلق وڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے مجموعی طور پر 210 واقعات پیش آئے، ان واقعات میں 14 ہزار سے زائد ایکڑ پر جنگلات اور چراہ گاہیں متاثر ہوئیں ۔
انہوں نے گرم موسم کے باعث 12 جبکہ 55 واقعات میں شہریوں کی جانب سے جان بوجھ کر آگ لگائی گئی جبکہ جنگلات کو نقصان پہنچانے پر گرفتاریاں اور مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درجہ حرارت بڑھنے، برف جلد پگھلنے اور کم بارشیں جنگلات میں آگ لگنے کی وجوہات میں شامل ہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جنگلات میں آگ ذاتی دشمنی، مویشیوں کے لیے نرم گھاس و حکومتی معاوضہ کے حصول کے لئے بھی لگائی جاتی ہے تاہم ریسکیو 1122، اضلاع کی انتظامیہ، مقامی رضاکاروں نے آگ بجھانے اور املاک بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان خان نے ان واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے، جدید آلات، مشینری، دور دراز پہاڑی علاقوں میں آگ بجھانے کے لئے ہیلی کاپٹر یا ہوائی جہاز خریدنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سےگزارش کی ہے کہ جنگلات کو آگ سے بچانے میں مقامی شہری اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔