بلاول بھٹو زرداری

صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب بھی تھا، بلاول بھٹو زر دار ی

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب بھی تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام میں کہاکہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے اور یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب بھی تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیئے پارٹی قیادت خواہ ہر جیالا سرگرمِ عمل ہے،پوری دنیا میں سیاسی، معاشی اور معاشرتی سطح پر بڑی بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ واضح ہے کہ یہ صدی خواتین کی پیشقدمی کی صدی ثابت ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اب جو قوم خواتین کو برابری نہیں دے گی وہ دیگر اقوام کے شانہ بشانہ کھڑا نہیں ہو سکے گی۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا میدانِ جدوجہد میں، صنفی مساوات اور خواتین کو خودمختار بنانے کیلئے ٹھوس اقدام اٹھائے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پی پی پی حکومت نے غربت کے خاتمہ کے لیئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا میگا رول ماڈل پروگرام دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ قابلِ فخر ہے کہ بی آئی ایس پی کی شفافیت اور مثبت نتائج کے معترف ورلڈ بئنک جیسے کئی عالمی ادارے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومتِ نے سندھ میں خواتین کو کاروبار کے لیئے بلاسود آسان قرضہ کا پروگرام شروع کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یوسی سطح پر متعارف کردہ اس پروگرام کے نتیجے میں سندھ کی 6 لاکھ سے زائد خواتین اور ان کے خاندان مستفید ہوئے۔انہوںنے کہاکہ فرسٹ ویمن بنک، ویمن پولیس اسٹیشنز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام جیسے اقدام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کے تحفے ہیں،بے زمین کاشتکار خواتین کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے جیسے اقدام کے دور رس نتائج نکل رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کمیشن برائے خواتین کا قیام، اینٹی ویمن پریکٹس ایکٹ، اینٹی ایسڈ کرائمز کا قانون، پروٹیکشن آف ویمن ایٹ ورک پلیس ایکٹ جیسے قوانین پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ صوبہ سندھ میں قائم پی پی پی حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیئے قابلِ تحسین قانونسازی کی ہے۔انہوںنے کہاکہ چائلڈ میریجز رسٹرینٹ ایکٹـ2013، خاندانی تشدد سے تحفظ و روک تھام کا قانون 2015، اور کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن 2015 چند مثالیں ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب یہ تھا کہ زندگی کی ہر شعبے میں خواتین کو برابری حاصل ہو،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیئے ہمیں ابھی مزید سفر طئے کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میرے لیئے یہ قابلِ اطمینان ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب شرمندہ تعبیر دینے کے لیئے پرعزم ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں