اسلام آباد(عکس آن لائن)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ میں ہسپتال پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ مذمت کیا ہے ۔
صدر مملکت نے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں معصوم جانوں کے المناک نقصان پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ اسرائیل نے ایک ہسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی اور اخلاقی اصولوں کو پامال کیا۔ صدر مملکتنے اسرائیل کی طرف سے سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ عالمی برادری اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اسرائیلی بمباری اور غزہ کے جاری محاصرے کو فوری طور پر روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔