نیویارک(عکس آن لائن)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 100ویںویٹرنز ڈے پریڈ کا افتتاح کرتے ہوئے ،امریکہ کے سابق فوجیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے میڈیسن سکوائرپارک نیویارک میں پریڈ کے افتتاحی موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فوجیوں نے امریکہ کیلئے ہرقسم کا خطرہ مول لیا،
اب یہ ہمارافرض ہے کہ ہم ان کی خدمت کریں اور اپنی زندگی کے ہر دن ان کا تحفظ کریں،ٹرمپ امریکہ کے پہلے برسراقتدار صدر ہیں جنہوں نے اپنے ہوم ٹاﺅن میں اس پریڈ میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے واقعی ایک اعزاز ہے،نیویارک سٹی ویٹرنز ڈے پریڈ ایک سالانہ تقریب ہے جو ملک کی سب سے بڑی یونائیٹڈ وار ویٹرن کونسل منعقد کرتی ہے۔صدر نے امریکہ کی خصوصی آپریشن فورسز کی طاقت کا بھی ذکر کیا،جس نے گزشتہ ماہ شام میں ایک حملہ کیا تھا، جس میں داعش انتہاپسند رہنما ابو بکر البغدادی ہلاک ہوگیا تھا،
انہوں نے کہا کہ امریکی جنگی طیاروں کی وجہ سے البغدادی ہلاک ہوا،اوران کا جانشین بھی مارا گیا،اب ہماری نظریںتیسری حیثیت کے رہنما پر ہیں۔نیویارک میں اپنی رہائش گاہ ٹرمپ ٹاور جانے سے قبل ٹرمپ نے خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شرکت کی اورایک لمحے کی خاموشی اختیار کی۔ویٹرن ڈے کے موقع پر ان افراد کوجوامریکی فوج میںخدمات انجام دے چکے ہیں۔خراج تحسین پیش کرنے کیلئے وفاقی سطح پر چھٹی ہوتی ہے۔یہ دن ہر سال 11نومبر کو منایاجاتا ہے،اس روز 1918میں پہلی جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا تھا۔