صدر مملکت

صدر مملکت ملک میں جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

کراچی(عکس آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں لیکن پتا ہونا چاہیے، حکومت کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے خزانے کی صورت حال معلوم ہونے سے پہلے کے ہیں۔ پیر کو صدر عارف علوی نے این آئی سی ایچ کا اچانک دورہ کیا، انھوں نے ایک بیڈ پر پانچ پانچ بچوں کو لیٹا دیکھ کر صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی ایچ آنے کا مقصد اچانک دورہ کرنا تھا تاکہ اصل حقایق کا پتا چلایا جا سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے لٹائے گئے ہیں جو افسوس ناک ہے، این آئی سی ایچ جیسے یونٹس سندھ میں اور بھی بننے چاہئیں، این آئی سی ایچ کو مزید 5 سو بستروں کی ضرورت ہے، انکوبیٹر جلنے کے واقعے کے بعد وزیر اعظم نے مجھ سے کہا تھا کہ اسپتالوں کا دورہ کریں، انکوبیٹر جلنے کے واقعے پر بھی تفصیلات لیں گے، 70 کے قریب انکوبیٹر اسپتال میں موجود ہیں، 5 منٹ میں آگ تو بجھ گئی تھی لیکن بچے کی جان تو گئی، یہ اچھی بات تو نہیں۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ اسپتال وفاق کے پاس جا رہے ہیں، منتقلی کے دوران مریضوں کو نقصان نہ ہو اس پر کار بند ہیں، مریضوں کو اسپتال کی بہ جائے باہر سے دوائیں لینی پڑ رہی ہیں۔، ملک بھر میں آٹے کا بحران پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہریوں کی پریشانی سے لا علم نکلے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں، لیکن پتا ہونا چاہیے، حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کیے تھے لیکن یہ دعوے خزانے کی صورت حال معلوم ہونے سے پہلے کے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں