صدر مملکت اور وزیراعظم

صدر مملکت اور وزیراعظم کی موسی خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت

اسلام آباد (عکس آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے موسی خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعا قبول نہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔ آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی موسی خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کا بھی حکم دیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعا قبول نہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔