تہرا ن(عکس آن لائن )ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے ہم وطنوں پر زوردیا ہے کہ وہ جمعہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھرپورحصہ لیں۔ صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آئوٹ اورایران پر بیرونی دبائو کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق خامنہ ای نے صدارتی انتخابات سے دوروز قبل ایک نشری تقریرمیں کہا کہ اگر لوگ پولنگ کے عمل میں بھرپور طریقے سے شریک نہیں ہوتے ہیں تو دشمن کی جانب سے دبائو میں اضافہ ہوگا۔
اگر ہم دبا اور پابندیوں میں کمی چاہتے ہیں تو لوگوں کی شرکت میں اضافہ ہونا چاہیے اور نظام کو حاصل عوامی مقبولیت دشمن پر ظاہرہونی چاہیے۔خامنہ ای نے کہا کہ تمام ایرانیوں کو اپنی اپنی سیاسی ترجیحات سے قطع نظرجمعہ کو اپنااپنا ووٹ ڈالنا چاہیے۔انھوں نے امریکی اور برطانوی میڈیا پرالزام عاید کیا کہ وہ ایرانیوں کی ووٹنگ میں حصہ لینے کی حوصلہ شکنی کررہا ہے اور صدارتی انتخابات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔