بیجنگ (عکس آن لائن) 20 دسمبر کی صبح چینی صدر شی جن پھنگ نے نکاراگوا کے صدر جوس ڈینیئل اورٹیگا کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی۔ دونوں سربراہان مملکت نے چین اور نکاراگوا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے باضابطہ قیام کا اعلان کیا۔
اس موقعے پر شی جن پھنگ نے کہا کہ دو سال قبل صدر اورٹیگا اور نائب صدر موریلو نےدونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال کرنے کا سیاسی فیصلہ کیا تھا اور تاریخ چین نکاراگواتعلقات میں آپ کی اہم خدمات کو یاد رکھے گی۔ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے گزشتہ دو سالوں کے دوران دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے اور عملی تعاون کو جامع طور پر وسعت دی گئی ہے جس میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صدر اورٹیگا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ چین نکاراگوااسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے آج کے اعلان کو چین نکاراگوا تعلقات میں نئی کامیابیوں کو فروغ دینے اور یکجہتی ، تعاون ، باہمی فائدے اور جیت جیت تعاون کا ماڈل تخلیق کرنے کے لئے ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر لیا جاسکے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین نکاراگوا کی ایک چین اصول کی پاسداری اور چین کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے بار بار حمایت کو سراہتا ہے۔ چین نکاراگوا کا قابل اعتماد دوست بننے کا خواہاں ہے اور نکاراگوا کی قومی آزادی اور وقار کے تحفظ اور غیر ملکی مداخلت کی مخالفت میں اس کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ صدر شی نے کہا کہ چین نکاراگواکے ساتھ ملک کی حکمرانی اور غربت کے خاتمے میں تجربات کے تبادلے کو مضبوط بنانے کے لئے بھی تیار ہے۔
چین بین الاقوامی امور میں نکاراگوا کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کو مضبوط بنانے، بالادستی اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کرنے، بین الاقوامی نظام کی ترقی کو زیادہ منصفانہ اور معقول سمت میں فروغ دینے اور ترقی پذیر ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے بھی تیار ہے۔
اس موقعے پر صدر اورٹیگا نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی شاندار قیادت میں چین نے قابل ذکر ترقیاتی کامیابیاں حاصل کی ہیں، نہ صرف کروڑوں چینی عوام کو غربت سے کامیابی سے نکالا ہے بلکہ عالمی امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ جیسے ترقی پذیر ممالک کے لوگوں کو ترقی اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کی ہے، جس سے دنیا میں امید اور مثبت قوت پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نکاراگوااور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر انہیں صدر شی جن پھنگ کے ساتھ مشترکہ طور پر نکاراگوا چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے جو یقینی طور پر نکاراگواچین تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاراگوا اپنی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لئے نکاراگوا کی کوششوں کی حمایت کرنے اور نکاراگوا کو اس کی معیشت کی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے میں قیمتی مدد فراہم کرنے پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔
نکاراگوا اپنے عظیم چینی بھائیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ایک چین کے اصول کی سختی سے پاسداری کرتا ہے، چین کے اتحاد کے عظیم ہدف کی حمایت کرتا ہے، اور صدر شی جن پھنگ کی طرف سے تجویز کردہ “بیلٹ اینڈ روڈ” اور دیگر عالمی تعاون کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ نکاراگوادوطرفہ دوستانہ تعلقات کو گہرا کرنے، کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنانے، بیرونی مداخلت اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کرنے اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے میں چین کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
صدر اورٹیگا نے چین کے صوبہ گانسو میں زلزلے پر شی جن پھنگ سے نکاراگوا کے عوام کی برادرانہ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
بات چیت کے بعد دونوں فریقوں نے “اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام پر عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ نکاراگوا کا مشترکہ بیان” جاری کیا۔