اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ شیخ رشید ملک کے وزیر داخلہ ہیں یا گلی کے غنڈے؟ تفصیلات کے مطابق شازیہ مری نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید ملک کے وزیر داخلہ ہیں یا گلی کے غنڈے؟ سب کو پتہ ہے کہ یہ کتنے بڑے طرم خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گیدڑ بھبکیاں نہ ماریں اور دھمکیاں اپنے گھر میں سنبھال کر رکھیں، کسی کو نہیں پتہ کہ شیخ رشید حالات کو تبدیل ہوتا دیکھ کر کب پتلی گلی سے نکل جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی سیاست آمروں کے بوٹ پالش کرنے سے شروع ہو کر سلیکٹڈ کی جوتیاں اٹھانے پر ختم ہوتی ہے، کم کرسیاں اور جلسے میں عوام کی عدم دلچسپی کا بھانڈہ کیا پھوٹا، اب میڈیا کو کوریج کی اجازت ہی نہیں دی جارہی۔ سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پہلے سیاسی جماعت تھی نہ آج ہے، یہ چوں چوں کا باسی مربہ ہے۔