اسلام آباد (عکس آ ن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل انسانیت کا قتل تھا۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 15ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 15ویں یوم شہادت پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل انسانیت کا قتل تھا، آج کے دن ہم سے ہماری قائد اور اس ملک سے اس کا مستقبل چھینا گیا۔ انہوںنے کہاکہ شہید بی بی پاکستان کے عوام کیلئے ایک امید تھیں، قاتلوں نے عوام سے ان کی امید چھین لی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ شہید بی بی تمام صوبوں کی زنجیر تھیں، قاتلوں نے ان کو قتل کرکے ملک کو توڑنے کی کوشش کی، آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر اس سازش کو ناکام بنایا۔ شیری رحمن نے کہاکہ شہید بی بی نے نظربندی، قید، جلاوطنی اور دیگر سختیاں برداشت کیں، شہید بی بی نے اپنے والد، بھائیوں اور کارکان کے جنازے اٹھائے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کی زندگی اور عوام، آئین، پارلیمان اور ملک کے خاطر سیاسی جدوجہد ان کے نام کی طرح بینظیر ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ ہماری قائد اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کو دن دہاڑے بے دردی سے قتل کیا گیا،ان کا خاندان، پیپلز پارٹی اور کارکنان 15 سال بعد بھی اپنی قائد کے قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں