کراچی (عکس آن لائن) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمشکل قلفی فروش نے اپنا مداح بنالیا۔گزشتہ روز شہزاد رائے نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک قلفی والا اپنی سْریلی آواز میں منفرد گلوکاری کرکے قلفی بیچ رہا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قلفی فروش اپنی گلوکاری کے ذریعے گاہکوں کو بتارہا ہے کہ کھویا اور مکھن اْس کی قلفی کی خاصیت ہیں جن کی مدد سے وہ مزیدار قلفی تیار کرتا ہے۔ویڈیو میں نظر آنیوالا شخص پاکستانی ہے جبکہ اْس کی شکل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوب مل رہی ہے۔
شہزاد رائے نے قلفی فروش کے ٹیلنٹ کو سراہاتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ‘واہ! قلفی والے بھائی، کیا بات ہے، مجھے تو قلفی کھائے بغیر ہی مزہ آگیا’۔گلوکار نے ٹوئٹر صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ‘اگر آپ کو معلوم ہے کہ اس قلفی فروش کا تعلق کہاں سے ہے؟ تو مجھے ضرور بتائیں’۔شہزاد رائے کے سوال پر ایک صارف نے بتایا کہ ‘قلفی والے چاچا کا تعلق ساہیوال سے ہے۔’ ٹوئٹر صارفین نے جہاں قلفی فروش کے منفرد ٹیلنٹ کی تعریف کی تو وہیں کچھ صارفین نے اْنہیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہمشکل قرار دے دیا۔ایک صارف نے لکھا کہ ‘کورونا وائرس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ لاہور کی مارکیٹ میں قلفی بیچتے ہوئے۔’شہزاد رائے کے اس ٹوئٹ پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔