مریم نواز

شہزاد اکبر کی سربراہی میں مریم نواز کیخلاف پٹیشن تیار کی گئی ‘ مسلم لیگ (ن)

لاہور(عکس آن لائن)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں مریم نواز کیخلاف پٹیشن تیار کی گئی ،شہزاد اکبر جمعہ کی رات کو لاہور پہنچتے ہیں اوراگلے روز مریم نواز کیخلاف پٹیشن دائر ہوجاتی ہے ،پھر عمران خان کے منشی کہتے ہیں ہمارا نیب سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سلطنت عمرانیہ اڑھائی سال بعد بھی مریم نواز کے خوف میں مبتلا ہے ،عمران خان پاکستانی تاریخ کے بزدل ترین وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں،اپنی کرسی بچانے کیلئے مخالفین کی بہو بیٹیوں کو دھمکانا شرمناک ہے ،نیازی صاحب گرفتاریوں اور جیلوں کی دھمکیوں سے حکومتیں مضبوط نہیں اپاہج ہو جاتی ہیں،مریم نواز دو مرتبہ جیل کاٹ آئی ہیں ،عمران نیازی سے جیل میں دو راتیں بھی نہیں کاٹی جانی ۔

انہوںنے کہا کہ احتسابی ڈرامے نے نیب کو ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا،چیئر مین نیب کی ہوائوں کا رخ تبدیل ہونے سے پہلے ان کو پرانی ویڈیو دکھادی جاتی ہیں،حکومت چیئر مین نیب کو ویڈیو دکھا کر مسلسل بلیک میل کررہی ہے ،سپریم کورٹ سے ہائیکورٹ تک ہر عدالت نے نیب کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ،حیرت ہے کسی جج نے چیئر مین نیب کو جھوٹے کیسز بنانے پر کبھی عدالت طلب نہیں کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین نیب نے وزرئے ااعظم،اپوزیشن لیڈران سے میڈیا ہائوسز کے مالکان تک جھوٹے کیسز بنائے ،ہر کیس میں نیب کو تاریخی ذلت اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑا،مریم نواز حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہیں صرف اس لیے نیب دوبارہ مریم نواز کیخلاف استعمال ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں