لندن(عکس آن لائن)پرنس آف ویلز ولیم نے اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کی سوانح حیات پر سخت ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ ولیم بظاہر تو شہزادہ ہیری کی جانب سے اب تک شاہی خاندان پر لگائے گئے تمام تر الزامات پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔لیکن برطانوی اخبار میں گیلز برینڈریتھ کے ایک حالیہ آرٹیکل میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کی سوانح حیات کو پڑھنے کے بعد بہت غصے میں آ گئے تھے۔
اس آرٹیکل میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو کے بارے میں بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شہزادہ ولیم اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے ساتھ صلح کرنے میں ہچکچاتے نظر آ رہے ہیں۔شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل 2020 میں شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد اب تک برطانوی شاہی خاندان کے بارے میں کئی تہلکہ خیز انکشافات کر چکے ہیں۔
اب شہزادہ ہیری ملکہ الزبتھ دوم کی برسی کے موقع پر لندن کے مختصر دورے کی تیاری کر رہے ہیں اور شہزادہ ولیم کے بارے میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ان کا اپنے چھوٹے بھائی سے اس موقع پر بھی صلح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اگر شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کے درمیان صلح نہیں ہوتی ہے تو شاہی خاندان کے اندر کشیدگی برقرار رہے گی۔