لاہور(عکس آن لائن)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جدید پراپرٹی ٹیکس پورٹل کی سہولت کی فراہمی سے شہری مستفید ہونے لگے،پورٹل کے ذریعے شہری آن لائن محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ میں موجود اپنی پراپرٹی کے بارے میں آگاہی حاصل کر رہے ہیں جس کی بنا پر شہری آن لائن اپنے پراپرٹی ریکارڈ میں تبدیلی بھی کرسکیں گے،پراپرٹی ویب پورٹل کے ذریعے شہری اپنے پراپرٹی ٹیکس بارے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ محکمہ کے اس اقدام سے اب پراپرٹی ریکارڈ کی تصحیح اور تبدیلی صرف ایک کلک کی دوری پر ممکن ہو سکے گی اور یہ محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے شہریوں کو بااختیار بنانے کیلئے بڑا اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ شہری محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹhttp://www.excise-punjab.gov.pk پر جاکر “آن لائن سیلف اسسمنٹ آف پراپرٹی ٹیکس ” پر کلک کرکے لاگ ان ہوں،پورٹل کے ذریعے آن لائن پراپرٹی ٹیکس بھی جمع کرایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ثبوت کے طور پر پورٹل پر متعلقہ کاغذات اور پراپرٹی کی تصاویر بھی اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویب پورٹل کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پراپرٹی ٹیکس بارے معلوم کر رہے ہیں،پورٹل پر پراپرٹی سے متعلقہ تمام معلومات موجودہیں،پورٹل کے ذریعے شہری خود پراپرٹی ٹیکس کے امور سر انجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پورٹل سے نظام میں شفافیت اور وقت کی بچت ہوگی ،فیلڈ سٹاف کے صوابدیدی اختیارات اور اعتماد کی کمی کا خاتمہ جبکہ شہریوں کے محکمہ ایکسائز پر اعتماد میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پراپرٹی کے حوالے سے اصل ڈیٹا کا حصول یقینی بنانے میں مدد ملے گی اس کے علاوہ شہری محکمہ ایکسائز میں کی جانے والی اصلاحات سے مستفید ہوسکیں گے۔