شیخوپورہ(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی نائب صدرسابق گورنر چوہدری برجیس طاہر نے ملک میں مہنگائی کے بے قابو جن کو کنٹرول کرنے میں ناکام موجودہ حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اور ملک کوتاریخ کے بد ترین دوارہے پر لا کھڑا کیا ہیں موجود حکمرانوں کی بچگانہ سیاست اور نا اہلیت کی وجہ سے ہر شہری بلا تفریق سیاسی وابستگی حیران و پریشان ہوچکا ہے. پاکستان کا ہر ادارہ حکمرانوں کی نا اہلیت کے ہاتھوں تباہی کی طرف جاچکاہے ملکی قوانین ذاتی خواہشات کے تابع سیاسی انتقام کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں. پاکستان میں شہد اور دودھ کی نہریں جاری کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت پاکستانیوں کے لئے عذاب بن چکی ہے.
مہنگائی، غربت لاقانونیت اور نا اہلیت نے پاکستان کی معیشت کو بھی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے چوہدری برجیس طاہرنے کہا کہ دنیا کی واحد مسلم ایٹمی ریاست کو دیسی جیمز بانڈ چلا رہے ہیں عوام کو سبز باغ دکھانے کا سلسلہ کسی منطقی انجام کو پہنچنا نا ممکن دکھائی دے رہا ہے.ایک سال کی مایوس کن کارکردگی نے قوم کی مایوسی میں اضافہ کیا ہے. پاکستان کا ہر شہری ملک میں ہمیشہ کے لئے میاں محمد نواز شریف کی مثالی حکمرانی دیکھنا چاہتا ہے. عوام کو کرپشن کے خاتمے کے سہانے خواب دکھانے والے دیسی جیمز بانڈ مہنگائی کی ماری قوم کو صرف کہانیوں سے مطمئن کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ عملی طور پر گذشتہ ایک سال میں کرپشن اور لوٹ مار کا ایک روپیہ بھی قومی خزانے میں واپس نہیں آیا. پاکستان کو یوروپ ملکوں کے برابر لانے کے دعوے کرنے والے حکمران اب تک ملک میں ایک ڈیم ایک سڑک ایک اسکول یا کالج یا ہسپتال بنانے میں بھی ناکام رہے ہیں.
نا اہلوں کی حکومت میں صرف ایک تبدیلی آئی ہے کہ قوم نے اگر اپنے ملک کو بچانا ہے تو ا اسے بھی جوٹھوں کے ذریعے مطالبات منوانے کا راستہ اپنانے کی طرف دھکیلا جا رہا ہے. مسلط حکمران دھرنے جلا گھیرا کی پیداوار ہیں اور صرف دھرنوں کی زبان ہی سمجھتے ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کیں شرافت اور اعلی اقدار کی سیاسی روایات کی امین ہونے کے ناطے پر امن جدوجہد کے ذریعے جمہوری اصولوں کے ذریعے قوم کو موجودہ حکمرانوں سے نجات دلائے گی۔