لاہور(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت کے اعلان کے چار دن گزرنے کے بعد اختلافی نوٹ قابل تشویش ہے ،شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے ، باضابط اعلان اور میڈیا پر چل جانے کے چار دن بعد اختلافی نوٹ حیران کن ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالتی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ضمانت منظور ہونے کا اعلان ہوا ہو لیکن تحریری حکم نامے پر دستخط نہیں ہوئے، یہ بہت ہی تکلیف دہ ہے ،چار دن سے حکم لینے جارہے تھے ہر مرتبہ جواب دیا گیا کہ ابھی تحریری حکم لکھا جارہا ہے ،
ضمانت کا اعلان ہوا اور دو تین دن میڈیا میں چلتا رہا، ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر چلتا رہا ،یہ بات ذہن قبول نہیں کر رہا کہ پوری قوم ٹی وی پر ضمانت کا اعلان سنے ، کھلی عدالت میں اعلان ہو لیکن تحریری حکم تین دن گزرنے کے باوجود سامنے نہ آئے ،چیف جسٹس کو فیصلے سے فوری آگاہ کرنے کے باوجود ہائیکورٹ کی جانب سے چار دن کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عدالت کی عزت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے اور یہ ہر شہری کا فرض ہے لیکن اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہونے کا دکھ ضرور ہے ،امید کرتے ہیں کہ ہمیں مکمل انصاف ملے گا ہمارا ایمان ہے کہ عوام کی خدمت کرنے والے کو انصاف ملے کا اور شہباز شریف ہمیشہ کی طرح سرخرو ہوں گے۔