مریم اورنگزیب

شہبازشریف کو جیل میں بندکرکے انکے بنائے شاہکار عوامی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کچھ شرم تو آرہی ہوگی ‘ مریم اورنگزیب

لاہور( عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اورنج لائن منصوبے کے افتتاح پر شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب شہبازشریف کو جیل میں بندکرکے ان کے بنائے شاہکار عوامی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کچھ شرم تو آرہی ہوگی ،عوام کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے ،کس منہ سے شہباز شریف کی اورنج ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آپ دس سال بعد بھی اورنج ٹرین کا افتتاح کرتے تو آپ کو ہر طراف سے شکریہ شہباز شریف ہی سنائی دیتا ،عمران صاحب آج کس منہ سے شہباز شریف کے اورنج ٹرین منصوبہ پرتختی لگا رہے ہیں،عمران صاحب نے ہر عوامی منصوبہ کو اپنی گھٹیا سیاست کی بھینٹ چڑھایا.

اور آج انہی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نوازشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے کام بولتے ہیں، آپ صرف جھوٹ بولتے ہیں ،سیاسی انتقام کے نشے میں نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہباز شریف کے ہر منصوبہ کو متنازعہ بنایا، نقصان پہنچایا جب ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملی تو بے شرم چہرے آج ان منصوبوں پراپنی تختیاں لگا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ عمران خان نے 126 ارب کے بی آر ٹی کھڈے کھودے، شہباز شریف نے اس سے کم لاگت اور وقت میں چار میٹروز بنائیں اور چلائیں ،عمران صاحب یہ وہی اورنج لائن منصوبہ ہے جس کے خلاف پی ٹی آئی عدالت گئی تھی ،عمران صاحب آپ کی وجہ سے منصوبے کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں اضافہ ہواعمران صاحب آپ نے اورنج لائن کوبھی بی آرٹی بنانے کی کوشش کی، کام نہ روکا جاتا تو عوام چار سال سے اس پر سفر کررہے ہوتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں