اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عالمی یوم صحافت پر صحافیوں اور قلم کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جس حکومت میں آزادی صحافت کی آئینی آزادی نہ ہو، اسے جمہوریت نہیں کہاجاسکتا۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن کا نام ہے، جس حکومت میں آزادی صحافت کی آئینی آزادی نہ ہو، اسے جمہوریت نہیں کہاجاسکتا۔ انہوںنے کہاکہ معیشت اور ملک کے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا کے لئے موجودہ دور سیاہ ترین دور ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں صحافت، سچائی، اختلاف رائے کو سنگین جرم بنادیا گیا ہے جو قابل مذمت اور آمرانہ روش ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر میڈیا کو اپنا کردار بڑی ذمہ داری سے ادا کرنا ہوتا ہے،انتہائی مشکل ترین حالات میں بھی صحافیوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھایا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ شدید مالی مشکلات اور پیشہ وارانہ ناموافق حالات کی دو پاٹوں والی چکی میں صحافی پس رہے ہیں،آئین، جمہوریت اور شہری آزادیوں کے لئے پاکستانی میڈیا کا یہ کردار تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا نہ ہو تو اہل ہوس مدعی اور منصف خود ہی بن بیٹھتے ہیں ،حق گوئی وسچائی، عوام اور مظلوموںکے حقوق، انصاف اورشہری آزادیوں کے دفاع کادوسرا نام صحافت ہے ،اطلاعات کی فراہمی، حقائق کی آگاہی سے صحافت معاشرے کا ذہن اور سوچ بناتی ہے ۔
انہوںنے کہاکہ حق گوئی کا یہ سفر جتنا قدیم ہے، اتنا ہی کٹھن ہے، ہم میڈیا کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے ،ہر دور میں اہل صحافت نے سچائی کا علم تھامے رکھا ہے ، آج کے صحافی یہ روایت پورے بانکپن سے نبھا رہے ہیں ،قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھی صحافت اور صحافی حضرت قائداعظم کے ہراول دستے میں شامل تھے ،پاکستان میں صحافت اور صحافیوں نے سیاستدانوں کے ساتھ مل کر آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی تاریخی جنگ لڑی۔ انہوںنے کہاکہ آزادی صحافت کے لئے صحافیوں نے اپنا لہو دیا، جیل، ہتھکڑیاں، تشدد اورسزائیں پائی ہیں،آزادی صحافت کے لئے قربانیاں دینے اور جانیں قربان کرنے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات تمام فریقین کی مشاورت سے ملک میں میڈیا کے تحفظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے ہنگامی طور پر قانون سازی کرے