اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی۔ اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کانظام تمام دنیانے مستر دکیا، پاکستانی الیکشن کمیشن ناقابل عمل قرار دے چکاہے۔
انہوںنے کہاکہ ایک فردکی خواہش یا حکم پر ایسے اہم قومی کام انجام نہیں پاتے۔ انہوںنے کہاکہ انتخابی اصلاحات کاحساس کام پوری قوم کی منشاء اور اعتماد سے ہوتا ہے ،عوام کی امنگوں اور اعتماد کا مظہر و محور پارلیمان ہے جسے تین سال سے تالا لگایا ہوا ہے ،انتخابی اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاق رائے سے ممکن ہوتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں مخالف سیاسی جماعت پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخی انتخابی اصلاحات کی تھیں ،ہمارے دور میں ہونے والی ان اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا،
سب کے اتفاق رائے کا مظہراور دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے ،جس وقت اپوزیشن مثبت تجاویز اور میثاق معیشت کی بات کررہی تھی تو این آر او ، این آر او کا شور وغل مچاکر ان کی توہین کی گئی ،انتخابی اصلاحات ہم کرسکتے ہیں جن میں سیاسی مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلنے اور ان کی تجاویز کو اپنانے کاصبر اور حوصلہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی ساکھ انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے نہیں ،الیکٹرانک ووٹنگ کے بجائے تباہ وبرباد معیشت ،آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی،بے روزگاری اورمرتی عوام کی فکر کریں۔