ریاض (عکس آن لائن)سعودی عرب نے شام میں جاری ترک فوجی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شام میں نہتے اور بے گناہ شہریوں پر بمباری بند کی جائے۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق الریاض، شمال مشرقی شام میں ترک فوج کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور اسے شام میں ترکی کی فوجی مداخلت عرب ملک کی وحدت، آزادی اور خودمختاری کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع نے شام میں ترکی کی فوجی جارحیت کو علاقائی امن وسلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب نے برادر ملک شام کے عوام کے تحفظ اور اس کے استحکام ، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کے بہانوں سے قطع نظر شمال مشرقی شام پر اس کی جارحیت خطے کی سلامتی اور استحکام پر منفی اثرات مرتب کرے گی۔
اس جارحیت کے نتیجے میں خطے میں دولت اسلامیہ (داعش) کے خلاف جاری آپریشن متاثر ہو گا۔ادھر عالمی سطح پر بھی ترکی کی شام میں فوجی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔ شام میں ترکی کی جارحیت کے بعد سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔