اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ شریف خاندان کے پاس جتنا پیسہ ہے یہ 7 ارب روپے کی ٹپ دے سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس جتنا پیسہ ہے یہ 7 ارب روپے کی ٹپ دے سکتے ہیں مگر شہباز شریف نے کہا کہ میں گارنٹی دوں گا، جن کا خود کا بیٹا، داماد بھاگا ہوا ہو وہ کیا گارنٹی دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے دونوں بیٹے پہلے ہی بھاگے ہوئے ہیں ان کی کون گارنٹی دے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہیں، شہباز شریف جو ڈرامے کررہے ہیں قوم سب سمجھ چکی ہے، کہتے ہیں نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہوگا، 800 سے زائد قیدی جیلوں میں گزشتہ 10 سالوں میں مرچکے ہیں ان کا کون ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہاکہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان ایک عظیم قوم بنے گی اور وہ اس وقت بنے گی جب یہ مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی، مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف اور انسانیت پر رکھی گئی تھی، جو ریاست اپنے کمزور، غریب، بیواؤں، یتیموں پر رحم کرتی ہے وہ کامیاب ہوتی ہے۔