لاہور (عکس آن لائن )قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کیخلاف بولنگ اٹیک کی قیادت کیلئے عزم کا اظہار کیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ جب آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کادورہ کیا تھا تب میں پیدا بھی نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ بڑی ٹیموں کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کے بولنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔گزشتہ دنوں ہی پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔