شام میں اسرائیلی

شام میں اسرائیلی بمباری، اسدی فوج اور ایرانی ملیشیا کے ٹھکانوں پر بم باری

دمشق(عکس آن لائن)شام میں صدر بشارالاسد کی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت دمشق کی فضاؤں میں اسرائیل کا ایک فضائی حملہ پسپا کر دیا ہے۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق اسرائیل نے مقبوضہ گولان کے علاقے کی فضا سے دمشق کے دیہی علاقے کی جانب حملہ کیا تھا مگردشمن کے ہتھیاروں کو مار گرایا گیا۔شامی حکومت کے میڈیا نے بتایا کہ اسرائیلی بم باری میں الکسوہ، مرج السلطان اور دمشق کے نزدیک بغداد پل کے علاوہ جنوبی صوبے درعا میں ازرع کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے دمشق اور اس کے نواحی دیہی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔اس نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیلی بم باری میں الکسوہ اور دمشق کے اطراف صدر بشارالاسد کی وفادارفوج اور ایرانی ملیشیاں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ان علاقوں میں اسدی فوج اور ایرانی ملیشیاں کی بیرکوں پر بڑی تعداد میں میزائل آ کر گرے اور بعض بیرکوں میں آگ لگ گئی۔رصدگاہ کے مطابق بشار حکومت کا فضائی دفاعی نظام بعض میزائلوں کو مار گرانے میں کامیاب رہا۔ تاہم میزائلوں کی اکثریت اپنے اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔شام میں 2011 میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج نے ایران اور اس کی آلہ کار ملیشیاں کے خلاف کارروائی کے نام پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ 14 جنوری کو اسرائیلی طیاروں نے شام کے وسط میں واقع “التیفور” کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔اس سے قبل شامی رصدگاہ نے بتایا تھا کہ گذشتہ سال 20 نومبر کو اسرائیلی فضائیہ نے دمشق میں اسدی فوج اور ایرانی القدس فورس کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی۔ اس کے نتیجے 23 جنگجو مارے گئے تھے۔ان میں 16 غیر ملکی تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں