شہبازشریف

سی پیک منصوبوں کو 4 سال جان بوجھ کر روکا گیا، وزیراعظم

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ چار سال تک سی پیک منصوبوں کو جان بوجھ کر روکا گیا، قوم ملکی ترقی کے دشمنوں کوپہچان گئی ہے، حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنا رہی ہے، خصوصا عوامی نوعیت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے، پاکستان اورچین کے برادرانہ تعلقات دہائیوں پرمحیط ہیں، چین نے پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے،سیلاب کے دوران مدد پر پوری قوم چینی صدر اور عوام کے مشکور ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چائنہ روڈ برج کارپوریشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، جب کہ وزیرِ سمندری امور سید فیصل سبزواری وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کو مختلف جاری و مکمل شدہ میگا پروجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ قراقرم ہائی وے ٹو کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن کو مکمل کرلیا گیا ہے جس پر ٹریفک رواں دواں ہے، جب کہ اس کے فیز ٹو تھاہ کوٹ تا رائے کوٹ پر بھی کام شروع ہے۔ وفد نے کراچی کوسٹل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، راشاکئی اسپیشل اکنامک زون، کراچی حیدرآباد موٹروے M9, بابوسر ٹنل، ML-1 اور کراچی پورٹ ٹرسٹ تا PIPRI ریلوے کاریڈور کے منصوبوں پر بھی پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ سی آر بی سی وزیرِ اعظم کے سی پیک کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں اور معینہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرنے کے اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے، اس کے علاوہ سی آر بی سی نے 10 ہزار میگاواٹ کے سولرآئیزیشن کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وائس پریزیڈنٹ سی آر بی سی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو سیلاب زدگان کی مدد کے طور پر وزیرِ اعظم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے1 لاکھ ڈالر کا چیک بھی پیش کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سی پیک کے تحت منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پرسی پیک منصوبوں کو مکمل کررہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 4 سال میں سی پیک منصوبوں کو دانستہ طور پر تعطل کا شکار کیا گیا، قوم ملکی ترقی کے دشمنوں کوپہچان گئی ہے، ہم ملک وقوم کے پیسے کی حفاظت کیلئے عوام کوجوابدہ ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنا رہی ہے، خصوصا عوامی نوعیت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین دیرینہ دوست ہیں جن کے برادرانہ تعلقات دہائیوں پرمحیط ہیں، چین نے پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، سیلاب کے دوران مدد پر پوری قوم چینی صدر اور عوام کے مشکور ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں