اسلام آباد (عکس آن لائن) سیلولر کمپنی جاز موبی لنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ میں 5 کروڑ روپے کا چیک دے دیا۔ اتوار کو وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی زلفی بخاری اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں سی ای او جاز نے وزیر اعظم کو کرونا کی وبا کے سلسلے میں قائم ریلیف فنڈ کے لیے 5 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کرونا ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے والے تعریف کے مستحق ہیں۔ انھوں نے معاون خصوصی زلفی بخاری کی خصوصی کوششوں کو بھی سراہا۔
دریں اثنا، کمپنی نے صارفین کی جانب سے فنڈز میں حصہ ڈالنے کے لیے طریقہ کار کا بھی اعلان کر دیا، جس کے مطابق صارفین گھر بیٹھے 6677 پر پیغام بھیج کر 20 روپے عطیہ کر سکیں گے۔ مجموعی طور پر کمپنی کی جانب سے 20 کروڑ روپے کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کمپنی کے سی ای او اور ملازمین کی جانب سے کرونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کے عمل کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔