اسلام آباد (عکس آ ن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اہل وطن کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ 2022 پاکستان کیلئے بہت مشکلات کا سال رہا، امید ہے 2023 میں ہم سابق حکومت کے پیدا کردہ بحرانوں سے مکمل طور پر نکل آئینگے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ تاریخی سیلاب اور ماحولیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کی وجہ سے پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز رہا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بارشی اور نہری سیلاب کی وجہ سے ملک کا ایک چوتھائی حصہ اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ 17 سو سے زائد اموات ہوئیں، گھروں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان ہوا، ماحولیاتی بحران کی وجہ سے اس طرح کی تباہ کاریوں کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ سابق نااہل اور ناکام حکومت وجہ سے ہم نے اقتدار میں آتے ہی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل اور غیر مقبول معاشی فیصلے کرنے پڑے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لیکن ابھی حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں، امید ہے کہ 2023 میں ہم سابق حکومت کے پیدا کردہ بحرانوں سے مکمل طور پر نکل آئیں گے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ ان سردیوں میں ابھی بھی ہمارے لاکھوں بھائی بہنیں بے گھر زندگی گزار رہے ہیں،
نئے سال میں لوگوں کو میرا پیغام ہے کہ سیلاب متاثرہ لوگوں کی مکمل بحالی میں ان کا ساتھ دیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کی مکمل بحالی ہم سب کی مشترقہ زمہ داری ہے، 2023 کیلئے ہم سب کو پر امید ہونا چاہیے ۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نیا سال ملک اور قوم کیلئے استحکام، ترقی، خوشحالی اور خوشیوں کا سال ہو، آپ سب کو نئے سال کی بہت بہت مبارک ہو۔