کراچی(عکس آن لائن) شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی اور اْن کی اہلیہ ثنا فیصل نے پاکستان کے لیجنڈری سینیئر اداکار طلعت حسین میں ڈیمینشیا کے مرض کی تصدیق کردی۔
حال ہی میں فیصل قریشی نے اپنی اہلیہ ثنا فیصل کے ہمراہ اداکار طلعت حسین کے گھر جاکر اْن سے ملاقات کی جس کی ویڈیو بھی اْنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔ویڈیو میں فیصل قریشی اپنی نئی فلم کے حوالے سے طلعت حسین کو بتارہے ہیں کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے بہت جلد لاہور جائیں گے اور اس فلم میں وہ ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔
طلعت حسین اپنی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ فیصل قریشی بہت اچھے انسان ہیں اور سب ان کی نئی فلم کے لیے تیار ہوجائیں۔فیصل قریشی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”طلعت حسین کا پیار اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہیں، اللہ پاک ان کی یہ مسکراہٹ ہمیشہ ایسے ہی قائم رکھے، آمین”۔
دوسری جانب فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل نے بھی اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر سینیئر اداکار طلعت حسین سے ملاقات کی ویڈیو پوسٹ کی اور کہا کہ ”لیجنڈ طلعت حسین صاحب سے ملاقات کرنا اعزاز کی بات ہے”۔ثنا فیصل نے کہا کہ ”میں انہیں بچپن سے ہی ٹی وی پر دیکھتی آئی ہوں،
یہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک حقیقی چراغ ہیں، انہوں نے ہمیں بہترین ڈراموں اور فلموں سے لیکر حیرت انگیز تحریریں بھی دیں”۔اْنہوں نے اداکار طلعت حسین میں ڈیمنشیا کے مرض کی تصدیق کرتے ہوئے اْن کی جلد صحتیابی کے لیے دْعا بھی کی۔